کوالالمپور۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی،ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال ایشین پراڈکٹیوٹی آرگنائزیشن کی طرف سے پالیسی، اسٹریٹجک سوچ، موثر قیادت اور مینجمنٹ کے ذریعے سماجی و اقتصادی ترقی کی کوششوں میں شاندار کردار پر ایوارڈ دیا گیا ہے۔ پلاننگ کمیشن کے حکام کے مطابق یہ ایوارڈ ان کو بحیثیت وفاقی وزیر ان کی تمام مدتوں کے دوران حاصل کی گئی کامیابیوں پر دیا گیا۔ احسن اقبال 2018-2013 اور 2023-2022 میں پاکستان کے وزیر برائے منصوبہ بندی رہے۔ انہوں نے 2018-2017 میں بطور وزیر داخلہ خدمات سر انجام دیں ۔احسن اقبال نے بین الاقوامی نیٹ ورکس کے ذریعے پاکستان میں پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لیے جدید منصوبوں کا نفاذ کیا۔ احسن اقبال نے ترقی کے لئے بہترین پالیسیاں اور ضوابط بنائے جن کا پاکستان کے پیداواری ایجنڈے اور مجموعی ترقی میں خاطر خواہ کردار ہے۔وفاقی وزیر احسن اقبال کو یہ ایوارڈ ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں بدھ کو ایشین پراڈکٹیوٹی آرگنائزیشن کی گورننگ باڈی کے 66 ویں اجلاس میں دیا گیا۔اس تنظیم میں پاکستان سمیت دنیا کے 21 ممالک شامل ہیں۔یہ ایوارڈ ان افراد کو دیا جاتا ہے جنہوں نے اپنے کام، متاثر کن خیالات اور اثر و رسوخ کے ذریعے قومی یا علاقائی سطح پر سماجی و اقتصادی پروڈکٹیوٹی میں بہتری کے لیے مثالی کردار ادا کیا ہو ۔ ایشین پراڈکٹیوٹی آرگنائزیشن کا قیام 1961 میں ایشیا پیسفک خطے میں باہمی تعاون کے ذریعے پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لئے کیا گیا تھا۔ یہ تنظیم صنعت، زراعت، سروس اور پبلک سیکٹرز میں پالیسی ایڈوائزری سروسز کے ذریعے خطے کی پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے کوشاں ہے۔