اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان امن اور انصاف کے حصول کے لیے پرعزم ہے اور ہم ایسے مستقبل کی تعمیر کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں جہاں امن ہو اور انسانیت پھلے پھولے۔ بدھ کو اقوام متحدہ کے تحت قیام امن کے لئے خدمات انجام دینےوالوں کےعالمی دن کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان آج عالمی برادری کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کے امن دستوں میں خدما ت سرانجام دینے والوں کو خراج تحسین پیش کررہا ہے۔امن دستوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والوں سے خصوصی تشکر کا اظہار کرتےہیں جنہوں نے دنیامیں امن برقرار رکھنے کے لئے اہم کردارادا کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ ہماری بہادر خواتین سمیت 2 لاکھ 30 ہزار فوجی اہلکاروں نے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں خدمات سرانجام دیتے ہوئے 64 سالوں میں قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے اور ان میں ہمارے 181 شہدابھی شامل ہیں جنہوں نے عالمی امن کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے ، ہم انہیں بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ان کی بے لوث جرات اور قربانی ہمیشہ ہمارے دلوں پہ نقش رہے گی۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان امن اور انصاف کے حصول کے لیے پرعزم ہے اور آج ہم ایک ایسے مستقبل کی تعمیر کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں جہاں امن ہو اور انسانیت پھلےپھولے۔