اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رفح میں پریشان کن پیش رفت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل کی اندھا دھند بمباری کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری بالخصوص اقوام متحدہ کو شہریوں کو ایسی وحشیانہ جارحیت سے بچانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔منگل کو سوشل میڈیا ایکس پر اپنی پوسٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ رفح میں پریشان کن پیشرفت پر گہری تشویش ہے اور پاکستان اسرائیل کی اندھا دھند بمباری کی شدید مذمت کرتا ہے جس سے بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ افسوسناک ہے کہ عالمی عدالت انصاف کے اسرائیل کے خلاف حالیہ واضح فیصلے کے باوجود بار بار بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے، بین الاقوامی برادری بالخصوص اقوام متحدہ کو شہریوں کو ایسی وحشیانہ جارحیت سے بچانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔