اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک )ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم رہے گا، تاہم دوپہر کے بعد آندھی اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے جبکہ پی ڈی ایم اے پنجاب نے آئندہ دنوں بارش،گرد آلود ہواؤں اور طوفان کا الرٹ جاری کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ آج سے یکم جون کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں چند مقامات پر آندھی اور جھکڑ چلیں گے اور بارش ہوگی۔ آندھی کے باعث شدید گرمی کی لہر میں کمی کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشیں بلوچستان کے مختلف علاقوں، پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں ہوں گی۔آج اور کل کراچی، حیدرآباد، ٹھٹہ اور بدین میں آندھی کے جھکڑ چلنے کا امکان ہے جبکہ بارش کا فی الحال امکان نہیں۔کراچی ٹھٹھہ بدین اور حیدر آباد میں 28 اور 29 مئی کو گرد آلود ہوائیں \ جھکڑ چلنے کا امکان ہے،کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے،شہر قائد میں دن بھر ہلکے بادلوں اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری رہے گا۔محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں،کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ہے،ہوا میں نمی کا تناسب 69 فیصد ہے،جنوب مغربی سمت سے 32 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں،شہر قائد میں کل سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت موہنجو دڑو اور نوابشاہ میں 52 گری سینٹی ریکارڈ کیا گیا۔دادو، جیکب آباد51، سکھر، خیرپور، لاڑکانہ، سبی، بھکر، رحیم یار خان اور سکرنڈ میں 50 ڈگری جبکہ ملتان، ڈیرہ غازی خان، خانپور اور پڈعیدن میں 49 ڈگری رہا۔پی ڈی ایم اے /موسمی صورتحال پی ڈی ایم اے پنجاب نے آئندہ دنوں بارش،گرد آلود ہواؤں اور طوفان کا الرٹ جاری کردیا۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق صوبہ بھر میں ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔28 مئی سے یکم جون تک پنجاب کے بالائی اضلاع میں آندھی، بارش اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گرد آلود ہوائیں، گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ راولپنڈی ،مری ،گلیات،اٹک چکوال جہلم اور منڈی بہاوالدین میں آندھی اور بارشوں کی پیشگوئی ہے۔گجرات ،گجرانوالہ ،حافظ آباد،سیالکوٹ،نارووال،خوشاب،سرگودھا اور میانوالی میں بارش کے امکانات ہیں ۔لاہور ،قصور ،اوکاڑہ،فیصل آباد،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ میں بھی بارش اور طوفان کی پیشگوئی ہے۔پی ڈی ایم اے کا کہنا ہےکہ جنوبی پنجاب میں گرمی کی شدید لہر اور ہیٹ ویو کی صورتحال برقرار رہے گی۔ پنجاب بھر میں ضلعی انتظامیہ کو موسمی صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ے۔کھڑی فصلوں کو طوفان سے نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔کسانوں کو بروقت احتیاطی تدابیر بارے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے محکمانہ کوآرڈینیشن ناگزیز ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کا مزید کہنا ہے کہ شہری آسمانی بجلی سے بچاؤ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں۔بجلی کی چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلی جگہوں پر مت جائیں،ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 یا ریسکیو 1122سے رابطہ کریں۔