کراچی (ایجوکیشن رپورٹر ) جامعہ سندھ کے لئے ”ریڈ جاپان پروجیکٹ” کی جانب سے بھیجی جانے والی کتب عطیہ کرنے کی تقریب ڈپارٹمنٹ آف ایریا اسٹڈی سینٹر فار ایسٹ اینڈ ساؤتھ ایسٹ ایشیا، جامشورو میں منعقد ہوئی۔ اس پروجیکٹ کا انعقادنیپون فاؤنڈیشن اور کراچی میں جاپان کے قونصل جنرل کے تعاون سے کیا گیا۔ عطیہ کی گئی کتب میں سیاست، بین االقوامی تعلقات، معیشت، کاروبار، معاشرہ، ثقافت، ادب اور تاریخ جیسے مختلف موضوعات شامل تھے۔ اس پروجیکٹ کا مقصد تعلیمی اور تحقیقی اداروں کو انگریزی زبان میں جاپانی کتب کا متنوع مجموعہ فراہم کرنا ہے۔ مزید برآں، ان اقدامات کا مقصد پاکستان میں جاپان کے حوالے سے معلومات اور بہتر سمجھ بوجھ کو فروغ دینا اور اس خطے کے دیگر اسکالرز کے درمیان تعلیمی تبادلے اور رابطوں میں اضافہ کرنا ہے۔ اس موقع پر کراچی میں جاپانی قونصل جنرل ہتوری مسارو نے اس پروجیکٹ کا تعارف کرایا، اور پاک-جاپان تعلقات کا تاریخی جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے کتابوں کے ذریعے علم کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے جامعہ سندھ اور جاپانی قونصل خانے کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دینے میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔ت تقریب میں ڈائریکٹر ڈپارٹمنٹ آف ایریا اسٹڈی سینٹر فار ایسٹ اینڈ ساؤتھ ایسٹ ایشیا، ڈاکٹر مکیش کمار، اسسٹنٹ پروفیسر اور جاپان ریسرچ ڈائریکٹر مرتضی کھوسو سمیت ایم ای ایکس ٹی اسکالرشپ کے سابق طلباء نے بھی شرکت کی۔