لاہور۔(نمائندہ خصوصی ):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز سے فارن،کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس،عالمی بینک اور یونائیٹڈ نیشن پاپولیشن فنڈ (UNFPA) کے مشن کے وفد نے ملاقات کی۔ ایوان وزیر اعلی سے پیر کو جاری بیان کے مطابق مشن کے وفد میں سینئر ہیلتھ سپیشلسٹ ورلڈ بینک مانو بھٹارائی،پولیٹکل کونسلر برٹش ہائی کمشنر زوئی ویئر،فارن،کامن وہیلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کی ہیلتھ ایڈوائزر ڈاکٹر سارہ شہزاد،یو این ایف پی اے پاکستان کی نمائندہ لوئے شبانے، صوبائی ترجمان یو این ایف پی اے تانیہ درانی، پروگرام اینالسٹ حسنہ چیمہ، پروگرام ایسویسی ایٹ مومنہ اسدشامل تھے۔ ملاقات میں موثر اور پائیدار پالیسی کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ پاپولیشن ویلفیئر کے اہداف کے حصول کیلئے اشتراک کار پر اتفاق کیا گیا۔فیملی پلاننگ پروگرام کے اہداف کے حصول کے لیے وسائل ہم آہنگ کرنے کا جائزہ لیا گیا۔ ایف سی ڈی او،عالمی بینک اور اقوام متحدہ پاپولیشن فنڈ کے وفد نے وزیر اعلی مریم نواز کے عوامی فلاح و بہبود کے ویژن کو سراہا۔ ہیلتھ اور پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ میں سروس ڈیلیوری امور میں بہتری کے لئے تجاویز اور سفارشات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی خوشحالی کے عورت کی ایمپاورمنٹ پر فوکس کرنا ہوگا۔ سماجی اور خانگی امور میں خواتین کی خود مختاری ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماں اور بچے کی صحت کیلئے صوبہ بھر میں مراکز صحت کو ری ویمپ کررہے ہیں۔ اہداف کے لیے محکمہ صحت پنجاب اور پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ مشترکہ اقدامات کر رہے ہیں۔ وفد نے حکومت پنجاب سے اشتراک کار جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔