کراچی(نمائندہ خصوصی) شدید گرمی اور حبس کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گڈاپ، سپر ہائی وے، گلستان جوہر، اسکیم 33، گلشن معمار، سہراب گوٹھ، احسن آباد، سعدی ٹاون، سرجانی ٹاون، تیسر ٹاون اور یوسف گوٹھ، ملیر، قائد آباد، نیو کراچی سمیت مختلف علاقوں میں بارش ہوئی۔اس سے قبل، رات گئے نارتھ کراچی اور اطراف کے علاقوں میں بارش ہوئی تھی۔ بارش کی پہلی بوند گرتے ہی بجلی کی فراہمی بھی معطل کر دی گئی۔شہر کے دیگر علاقوں گلشن اقبال، ملیر، شارع فیصل، بلدیہ ٹاون اور اورنگی ٹاون سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کی گھنٹوں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ بندش کا سلسلہ جاری رہا۔
رات گئے ان علاقوں میں بارش یا بوندہ باندی کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تھی۔سندھ اور بلوچستان میں مون سون بارشوں کا آغاز ہوگیا ہے، کراچی میں صفورہ چورنگی ،گلستان جوہر اور اطراف میں ہلکی بارش سے باعث موسم خوشگوار ہوا تو سپر ہائی وے ، گلشن معمار، سرجانی ٹان، تیسرٹان اور یوسف گوٹھ میں تیزبارش کے باعث گرمی کے ستائے چہرے کھل اٹھے۔بلوچستان میں بادل جم کر برسے، مون سون بارشوں کے نتیجے میں آواران میں ندی نالے بپھرگئے، تیرتیج کے علاقے میں کئی مکانات اور دیواریں منہدم ہوگئیں جبکہ کوہلو میں برساتی پانی گھروں میں داخل ہوا اور نشیبی علاقےزیرآب آگئے۔اندورن سندھ میں بھی مون سون کی بارش نے جلوہ دکھایا، شکارپور میں مسلسل پانچ گھنٹے کی بارش نے سڑکوں کو تالاب میں تبدیل کردیا، بارش کے ساتھ ہی بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے شہری پریشانی کا شکار نظر آئے۔
بارشوں کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔ ادھر ٹھٹھہ کے ساحلی علاقوں جاتی اور شاہ بندر، کیٹی بندر ،گھارو،کھارو چھان سمیت دیگرعلاقوں مون سون کی بارش نے ہی تباہی مچادی، بارشوں کے باعث جہاں گرمی کا زور ٹوٹا وہی نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کا سسٹم اس وقت بھی سندھ میں موجود ہے، تاہم بارش برسانے والا نظام کمزور ہو چکا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں تین دن تک تیز بارش ہو سکتی ہے۔