اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان تاجکستان کا دورہ کریں گے جہاں وہ ”روڈ ٹو تیان شان کوریڈور”کے تحت 29 اور30 مئی کو ہونے والی دو روزہ انٹرنیشنل ریجنل کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ وزارت مواصلات کی طرف سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق 29 اور30 مئی کو ہونے والی اس عالمی کانفرنس میں پاکستان کے علاوہ چین، بھارت ، آرمینیا، ایران، ترکی اور آذربائیجان کے ممالک شامل ہیں جبکہ عالمی مالیاتی اور سرمایہ کاری کے اہم اداروں کے سربراہان بھی اس اہم کانفرنس میں شرکت کریں گے۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان تاجکستان کے وزیر ٹرانسپورٹ عاظم ابراہیم کی دعوت پر اس کانفرنس میں شریک ہو رہے ہیں، جس کا انعقاد وسط ایشیائی ممالک کے مابین 24 ستمبر 2023 کو ہونے والے معاہدے کے تحت کیا جارہا ہے، اس انٹرنیشنل ریجنل کانفرنس میں ایشیا اور یورپ سے وسطی ایشیا کی ریاستوں کو ”فاسٹ ٹریک”سے منسلک کرنے کا نظام وضع کیا جائے گا اور مختلف ممالک کے درمیان شاہرات کی تعمیر اور تجارتی راہداریوں سے بندرگاہوں تک رسائی کیلئے گرینڈ چارٹر تشکیل دیا جائے گا جس میں پاکستان کو کلیدی اہمیت حاصل ہو گی۔اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی افغانستان اور چین کے راستے سے تاجکستان تک کے روڈ نیٹ ورک پر کام کر رہاہے اور آئندہ بھی ہم وسط ایشیائی ممالک کے لئے روڈ نیٹ ورک کے اشتراک میں مکمل تعاون کر ے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئی شاہراہوں کی تعمیر سے ہی تجارتی منڈیوں کے لئے راہداری اور بندرگاہوں تک رسائی ممکن ہو سکے گی اور ایسے عالمی منصوبے پاکستان سے تجارت کے فروغ کے علاوہ بین الملکی تعاون کا ذریعہ بنیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے بھی نئے مواقع سامنے آئیں گے۔ عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ پاکستان کو موجودہ حالات میں معیشت کے استحکام کے چیلنج کا سامنا ہے جس سے احسن انداز میں نبرد آزما ہونے کیلئے دیگر ممالک سے سڑکوں کے ذریعے منسلک ہونا سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔