اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):اسپیکر قومی اسمبلی قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے رفح فلسطین میں فوجی آپریشن روکنے سے متعلق عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ رفح میں اسرائیلی فوجی آپریشن کو روکنے کے حوالہ سے عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ خوش آئند ہے۔اسپیکر میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق سردار ایاز صادق نے کہا کہ عالمی عدالت نے اسرائیلی جارحیت اور بربریت کے تلخ حقائق دنیا کے سامنے عیاں کیے ہیں،غزہ کے بعد رفح میں7 مئی سے فلسطینیوں کی نسل کشی جاری ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ 36 ہزار سے زائد فلسطینیوں کے قتل عام، جن میں بڑی تعداد میں معصوم بچے اور عورتیں شامل ہیں ،پر انسانیت شرمندہ ہے،اسرائیل فلسطین میں 84 ہزار سے زائد افراد کو زخمی اور لاکھوں کو بے گھر کرنے بعد بھی اپنی ہٹ دھرمی پر قائم ہے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ پوری دنیا میں مظاہروں اور عالمی عدالت کے فیصلوں کے باجود بھی اسرائیل نے نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی نہیں روکی جو کھلم کھلا دہشتگردی کے زمرے میں آتا ہے،پاکستان آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور 1967 کے سرحدی معاہدے کی مکمل حمایت کرتا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اسرائیل فوری طور پر جنگ بندی کا اعلان کرے اور امداد کی رسائی کیلئے روکاوٹیں دور کرے،اقوام متحدہ کی غزہ میں جنگ بندی سے متعلق حالیہ قراردادوں اور عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔