اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )پاکستان ٹیلی ویژن کے منیجنگ ڈائریکٹر سید مبشر توقیر شاہ نے پشاور سینٹر کا دورہ کیا اور وہاں ایک نئے ایچ ڈی اسٹوڈیو کا افتتاح کیا۔تقریب میں ایم ڈی کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ پی ٹی وی پشاور سینٹر کے ملازمین نے آتشزدگی کی وجہ سے 10 سال سے غیر فعال اسٹوڈیو کو بحال کرنے کی کوششوں پر ان تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ ملازمین نے ایم ڈی کی جانب سے اس سٹوڈیو کی بحالی میں خصوصی دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسٹوڈیو اب جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اور ایچ ڈی نشریات کے قابل ہے۔ دورے کے دوران، ایم ڈی کو سینٹر کی سرگرمیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر اپنے خطاب میں مینجنگ ڈائریکٹر نےزور دیا کہ پی ٹی وی پشاور کو ایسے شوز، سیریز اور پروگرام بھی تیار کرنے چاہئیں جو نوجوانوں کیلئے دلچسپیی کا باعث ہوں، انہوں نے کہا کہ نوجوان دستاویزی فلمیں، سائنس شوز، اور کیریئر پلاننگ جیسے پروگرامز میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔ایم ڈی نے پی ٹی وی کی مقامی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ زیادہ ناظرین تک پہنچنے کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو اپنائیں۔ ملازمین نے نئے ڈیجیٹل اسٹوڈیوز، کیمروں، اور ایک اپ گریڈ شدہ زمینی نیٹ ورک سمیت پورے پشاور سنٹر کو اپ گریڈ کرنے پر ایم ڈی کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے ملازمین کو مسلسل تربیتی پروگراموں کے ذریعے ان کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے اپنے عزم کا یقین دلایا۔ملازمین نے ایم ڈی کی قیادت پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ پی ٹی وی جلد اپنی ماضی کی شاندار روایات کو بحال کرےگا۔