کراچی (بیورو رپورٹ)قومی اسمبلی کے سابق رکن اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار کی ایم کیو ایم پاکستان میں واپسی طے نہ ہوسکی۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان اور ڈاکٹر فاروق ستار میں کراچی کے حلقہ این اے 245 اور بلدیاتی امیدواروں پر ڈیڈ لاک برقرار ہے اور اس کے علاوہ ایم کیو ایم میں دوبارہ شمولیت سے قبل فاروق ستار اپنے ساتھیوں کو اعتماد میں لیں گے۔اس حوالے ڈاکٹر فاروق ستار نے اپنے بلدیاتی پینلز کا اجلاس طلب کرلیا ، اجلاس میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماﺅں کو بھی مدعو کیا گیا ہے جس میں ایم کیو ایم پاکستان کی سینئر قیادت فاروق ستار کے ساتھ ملکر شرکا کو بلدیاتی امیدواروں کو اعتماد میں لیں گے۔
اگر فاروق ستار اور ایم کیو ایم بلدیاتی امیدواروں کو اعتماد میں لینے میں کامیاب ہوگئے تو فاروق ستار اپنے ساتھیوں سمیت پریس کانفرنس کے ذریعے ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔خیال رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان نے فاروق ستار کو پتنگ کے نشان پر این اے 245 سے انتخاب لڑنے کی پیشکش کی ہے تاہم فاروق ستار آزاد امیدوار کی حیثیت سے این اے 245 میں قومی اسمبلی کا انتخاب لڑنے پر بضد ہیں۔