راولپنڈی۔(نمائندہ خصوصی ):پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ نئی ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا فروغ متقاضی ہے کہ روایتی جنگی حکمت عملی کی جگہ جدت کو اپنایا جائے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وہ جمعہ کو پاکستان نیوی وار کالج کے 53ویں کانووکیشن کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کررہے تھے۔تقریب میں 99 افسران کو ڈگریاں تفویض کی گئیں۔فارغ التحصیل افسران میں دوست ممالک کے 37 افسران بھی شامل ہیں۔نیول چیف نے میری ٹائم سیکٹر کے حوالے سے آگہی کے فروغ کیلئے پاکستان نیوی وار کالج کی کوششوں کو سراہا۔تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے کامیاب گریجوایٹس میں ڈگریاں تقسیم کیں ۔تقریب میں اعلیٰ عسکری حکام ، سول معززین اور کورس ممبران کے اہلخانہ شریک تھے۔