اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ رومینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ پاکستان کے برفانی آبی وسائل کے تحفظ کے لئے گلوف تھری پراجیکٹ کا آغاز کیا جا رہا ہے، اس منصوبے پر این ڈی ایم اے اور وزارت موسمیاتی تبدیلی مشترکہ طور پر کام کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک میں گرمی کی لہروں، قدرتی آفات اور آنے والے سیلابوں پر قریبی تعاون کا اعادہ کیا ہے اور آئندہ سیلاب کے دوران جنگلی حیات کے خطرے سے دوچار انواع کو بچانے کے لئے مشترکہ حکمت عملی بنانے کا بھی فیصلہ ہوا ہے۔چیئرمین این ڈی ایم اے اور وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے بھی آئندہ کوپ۔29 پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں فریقین باکو میں ہونے والے اقوام متحدہ کے آئندہ عالمی سربراہی اجلاس کے لئے رپورٹس، دستاویزی فلموں، سفارشات کی تیاری کے لئے مشترکہ تعاون کریں گے۔ وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر نے کوپ۔29 کے صدر اور آذربائیجان کے وزیر ماحولیات اور قدرتی وسائل مختار بابائیف نے کوپ۔29 کے لئے پاکستان کے تعاون، عزم اور تکنیکی مدد کے بارے میں اعلیٰ ترین خدمات سے بھی آگاہ کیا۔وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر نے چیئرمین این ڈی ایم اے کی تجویز سے بھی اتفاق کیا کہ این ڈی ایم اے اور ایم او سی سی کی جانب سے طویل المدتی پائیدار ترقیاتی منصوبوں کے لئے مشترکہ پروجیکٹ بینک قائم کیا جائے اور بار بار اٹھائے جانے والے اقدامات سے بچا جا سکے۔