کراچی / اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و ملک کے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے 5 جولائی 1977ع کو قومی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنرل ضیاء الحق کی آمریت پاکستان میں انتھاپسندی، کلاشنکوف کلچر اور ہیروئین کی ماں ہے۔ 45 سال قبل آج کے دن تاریخ کے بدترین ڈکٹیٹر کے ہاتھوں پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کے خاتمے کے موقعے پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ پاکستان آج تک جن سیاسی، معاشی اور معاشرتی بیماریوں کو جھیل رہا ہے، ان کے تانے بانے جنرل ضیاء کے سیاہ دور سے جا ملتے ہیں۔
جنرل ضیاء نے پاکستان کی سیاسی و معاشرتی زندگی میں لسانیت و فرقیوارانہ سوچ کا زہر گھولا اور جمہوریت پسند و وفاق پرست سیاسی جماعتوں پر زمین تنگ کردی۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کو منظر سے ہٹانے کے لیے عدالتی قتل کا اسٹیج تیار کیا گیا، پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنان کو جیلوں میں بند کردیا گیا، کوڑے مارے گئے اور جلاوطن ہونے پر مجبور کیا گیا۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کی عوام نے جنرل ضیاء اور اس کی غاصبانہ حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور آج تک اس کی سوچ اور باقیات سے نبرد آزما ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو، بیگم نصرت بھٹو اور اس دور کے جیالوں سمیت ایم آر ڈی میں شامل تمام سیاسی کارکنان کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے ملک میں بحالیِ جمہوریت کے لیے نہ صرف انتھک جدوجہد کی بلکہ بے مثال قربانیاں بھی دیں۔پی پی پی چیئرمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں آئین، جمہوریت اور پارلیمانی بالادستی کے محافظ کا کردار ادا کرتی رہے گی، کیونکہ پی پی پی قائد اعظم محمد علی جناح کے نظریے و ویژن کی علمبردار جماعت ہے۔