تہران( نمائندہ خصوصی ۔مانٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے مرحوم صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی، ایران کے مرحوم وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہ اور ان کے رفقاء ،جو کہ 19 مئی 2024 کو ہیلی کاپٹر کے المناک حادثے میں شہید ہو گئے، کے لئے منعقدہ یادگاری تقریب میں شرکت کی۔ تقریب کے دوران وزیراعظم اس ہال میں بھی تشریف لے گئے جہاں مرحوم ایرانی صدر کا جسد خاکی رکھا گیا تھا؛ وزیراعظم نے مرحوم صدر کے بلندیء درجات کے لئے دعاء کی۔وزیراعظم نے مرحوم ایرانی صدر کی ایرانی عوام کی ترقی و خوشحالی، پاک-ایران تعلقات کے فروغ اور خطے کے لئے خدمات پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے قائم مقام صدر عزت مآب ڈاکٹر محمد مخبر سے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کو اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم ریئسی اور ایرانی وزیر خارجہ جناب حسین امیر عبداللہیان اور اُن کے دیگر رفقاء کی المناک حادثے میں شہادت کی خبر سے شدید صدمہ ہوا ہے۔ ہم دکھ اور غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں اور اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے اہلِ خانہ اور ایرانی عوام کے ساتھ ہیں۔ پوری پاکستانی قوم مشکل کی اس گھڑی برادر ملک میں ایران کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ مرحوم ایرانی صدر پاکستان کے عظیم دوست تھے۔ ان کے گزشتہ ماہ دورہ ء پاکستان کے دوران پاکستانی عوام کے ساتھ گزرے لمحات ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے ۔وزیراعظم نے ایران کے نگران صدر عزت مآب ڈاکٹر محمد مخبر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔