تہران (اے پی پی):ایران کے صوبے مشرقی آذربائیجان کے صدر مقام تبریز میں ابراہیم رئیسی کی پہلی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔منگل کو شہریوں کی بڑی تعداد صدر ابراہیم رئیسی کے جنازے میں شرکت کے لئے جمع ہوئی ۔جنازے کی منصوبہ بندی کمیٹی کے سربراہ اور ایران کے نائب صدر ایگزیکٹیو افیئرز محسن منصوری کے مطابق منگل کو ایران کے پہاڑی شمال مغربی علاقے کے سب سے بڑے شہر تبریز میں صدر ابراہیم رئیسی نماز جنازہ ادا کئے جانے کے بعد جلوس کا آغاز ہوا جہاں سے جسد خاکی کو مقدس شہر قم لیجایا گیا اور وہاں سے انہیں بذریعہ طیارہ تہران روانہ کیا گیا ۔
مہر نیوز کے مطابق تہران میں دوسری نماز جنازہ کے بعد میتوں کو جمعرات کی صبح جنوبی خراسان صوبے اور بعد ازاں ان کے آبائی شہر مشہد لے جایا جائے گا، جہاں تاریخی امام رضا کے مزار پر امام آیت اللہ خامنہ ای نماز جنازہ پڑھائیں گے اور جمعرات کی شام ان کی تدفین کی جائے گی۔63 سالہ ابراہیم رئیسی پیر کو ہیلی کاپٹر کے المناک حادثے میں جاں بحق ہو گئے وہ اپنے آذری ہم منصب الہام علیوف کے ساتھ سرحد پر ایک ڈیم کے افتتاح میں شرکت کرنے گئے تھے کہ واپسی پر ان کا ہیلی کاپٹر حادثہ سے دوچار ہو گیا ۔حادثے میں وفات پانے والوں میں ایرانی صدر کے ساتھ وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان، مشرقی آذربائیجان کے صوبائی حکام اور ان کی سیکورٹی ٹیم بھی شامل تھی۔