اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جرمنی کے ساتھ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں جرمن سرمایہ کاری میں اضافہ کے وسیع امکانات موجود ہیں، دونوں ممالک کے درمیان متبادل توانائی، صنعت، معدنیات، آئی ٹی، زراعت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جرمنی کی این جی او گلوبل بریجز ، برلن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔
وفد میں گلوبل بریجز کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ہینس ایلبرٹ، چیف ایگزیکٹو آفیسر نکولس البرچٹ اور جرمنی سے تعلق رکھنے والے کاروباری افراد اور سرمایہ کار شامل تھے۔ملاقات میں پاکستان میں جرمنی کے سفیر الفریڈ گرینیس ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان ، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔ وفد نے پاکستان کی کاربن کریڈٹ مارکیٹ اور موسمیاتی تبدیلی اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، پاکستان جرمنی کو یورپ میں اپنا ایک اہم شراکت دار تصور کرتا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کی موجودہ سطح کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں جرمن سرمایہ کاری میں اضافہ کے وسیع امکانات موجود ہیں ، پاکستان اور جرمنی کے درمیان صنعت ،متبادل توانائی ، معدنیات ، آئی ٹی ، زراعت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے پر عزم ہیں ،
پاکستان سے کاربن اخراج کی شرح انتہائی کم ہونے کے باوجود ہم ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں سے ایک ہے ، متبادل توانائی ،موسمیاتی تبدیلی ، زراعت اور غذائی تحفظ کے حوالے سے جرمنی کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں ، پاکستان کی افرادی قوت کو معیاری تربیت فراہم کر کے ان کی استعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے تا کہ وہ بیرون ملک بھی اپنا ہنر دکھا سکیں ۔وزیراعظم نے ملاقات میں وفد سے جرمن زبان میں گفتگو کی جس پر وفد کے شرکاء دنگ رہ گئے اور وزیراعظم کی جرمن زبان پر عبور پر داد دیئے بغیر نہ رہ سکے۔ جرمن وفد کے سربراہ نے وزیراعظم کی جرمن زبان میں گفتگو پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔