استانہ ۔(مانیٹرنگ ڈیسک )نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے استانہ میں اپنے کرغز ہم منصب وزیر خارجہ جین بیک کلوبایف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بشکیک، کرغزستان کی حالیہ پیش رفت اور وہاں پاکستانی شہریوں کی فلاح و بہبود پر توجہ مرکوز کی گئی۔ دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی بنیادی تشویش اپنے شہریوں کی سلامتی اور بہبود ہے، انہوں نے پاکستانی طلباء میں عدم تحفظ اور خوف کے جذبات کا اظہار کیا اور وزیر خارجہ کلوبایف سے ان کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کی درخواست کی۔نائب وزیراعظم نے پاکستانی طلباء پر حملوں کے ذمہ داروں کا محاسبہ کرنے کی بھی درخواست کی۔ کرغز وزیر خارجہ کلوبایف نے کہا کہ حکومت نے امن و امان کی بحالی کے لیے تیزی سے کارروائی کی ہے اور ہجومی فسادات کے مرتکب افراد کو کرغز قانون کے تحت سزا دی جائے گی۔ انہوں نے نائب وزیراعظم کو پاکستانی شہریوں کی حفاظت اور پاکستان واپسی کے خواہشمند طلباء کی بحفاظت وطن واپسی کے لیے مکمل سہولت کے بارے میں یقین دہانی کرائی۔اسحاق ڈار نے کرغز حکومت، محکمہ صحت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کو سراہا اور کرغز حکومت، محکمہ صحت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کرد پاکستانی طلباء کو فراہم کی جانے والی ضروری حفاظتی امداد کو یقینی بنانے پر وزیر خارجہ کولوبایف کا شکریہ ادا کیا۔ نائب وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک اس سلسلے میں قریبی رابطہ برقرار رکھیں گے۔ پاکستان اور جمہوریہ کرغزستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات خاص طور پر توانائی، رابطوں، تجارت اور عوام سے عوام کے درمیان رابطوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں معززین نے دو طرفہ ادارہ جاتی میکانزم کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔