لاہور ۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان، کرغزستان کی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہے، کرغزستان میں حالات بہتر ہو رہے ہیں، طلباءکے تحفظات دور کئے جائیں گے، کوشش کی جا رہی ہے کہ پاکستانی طلباءکو کرغزستان میں کوئی مشکل پیش نہ آئے، حکومت اس معاملے پر آرام سے نہیں بیٹھے گی، معاملے پر وزیراعظم کو لمحہ بہ لمحہ باخبر رکھا جا رہا ہے۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بشکیک سے آنے والے پاکستانی طلباءکے استقبال کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت پاکستان نے کرغزستان سے دن میں چار فلائیٹس چلانے کی خصوصی اجازت دی ہے۔ ابھی علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر 175 پاکستانی طالب علم پہنچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن واپس پہنچنے والے پاکستانی طالب علموں کے لئے ٹرانسپورٹ اور کھانے کا انتظام کیا گیا ہے، پاکستانی طلباءکو بحفاظت ان کے گھروں تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کرغزستان کی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہے اور پاکستانی طلباءکی سہولت کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کرغزستان میں پرتشدد واقعات کی وجہ سے لوگوں میں خوف و ہراس تھا لیکن اب وہاں صورتحال بہتر ہو چکی ہے۔ حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ کرغزستان کے سفیر سے بھی ہمارا مسلسل رابطہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آرام سے نہیں بیٹھے گی اور طلباءکی سہولت کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے اور ان کے تحفظات دور کئے جائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر لاہور اور اسلام آباد ایئر پورٹ پر حکومت نے پاکستانی طلباءکی سہولت کے لئے مکمل انتظامات کئے ہیں، ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے تاکہ طلباءکو بحفاظت ان کے گھروں تک پہنچایا جا سکے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج رات ڈیڑھ بجے بھی ایک فلائیٹ پاکستان پہنچے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر وزیراعظم کو لمحہ بہ لمحہ باخبر رکھا جا رہا ہے، وزیراعظم ہم سے بھی رابطے میں ہیں اور کرغزستان میں پاکستانی سفیر سے بھی رابطہ میں ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ لاہور اور اسلام آباد ایئر پورٹس پر طلباءکی سہولت کے لئے خصوصی امیگریشن کائونٹرز بنائے گئے ہیں تاکہ انہیں یہاں کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات نے کرغزستان سے واپس آنے والے طلباءکا استقبال کیا، ان سے ہاتھ ملایا اورمصافحہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔\932