کراچی(نمائندہ خصوصی) سندھ بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لمپی وائرس کا صرف 1کیس رپورٹ ہوا ہے۔محکمہ لائیو اسٹاک کے مطابق سندھ میں لمپی وائرس سے متاثرہ مویشیوں کی تعداد 53 ہزار 599 ہو گئی ہے جبکہ لمپی وائرس سے متاثر ہو کر 571 مویشی ہلاک ہو چکے ہیں۔محکمہ لائیو اسٹاک کے مطابق صوبے میں 2 ہزار 502 مویشی اس وقت وائرس میں مبتلا ہیں، صوبے میں 50 ہزار 526 مویشی وائرس سے ریکور ہوچکے ہیں
جبکہ 31 لاکھ سے زائد مویشیوں کو لمپی وائرس سے بچا کی ویکسین لگائی جا چکی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے صوبہ سندھ میں لمپی اسکن وائرس کے 17 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ڈی جی لائیو اسٹاک کے مطابق سندھ میں لمپی اسکن بیماری پر کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے۔دوسری جانب لائیو اسٹاک سندھ کے مطابق حکومت کی طرف سے لمپی اسکن سے متعلق ویکسین مفت فراہم کی جا رہی ہے۔