اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ومنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ میں سنٹرل ایشیا سے 6 ٹیموں نے حصہ لیا اور اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کی طرح پاکستان اس مقابلے میں بھی نا قابل شکست رہا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اس مقابلے میں سنٹرل ایشیا سے 6 ٹیموں نے حصہ لیا، اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کی طرح پاکستان اس مقابلے میں نا قابل شکست رہا ہے، ترکمانستان کی ٹیم کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں، انہوں نے اپنے ملک کی بہترین ترجمانی کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان برادر ملک ہیں ، کھیل بہترین سفیر ہیں، کھیل بھائی چارہ اور دوستی کو فروغ دینے کا بہترین ذریعہ ہیں، میں وزارت بین الصوبائی رابطہ کی طرف سے 5 لاکھ روپے انعام کا اعلان کرتا ہوں۔احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم نے ڈیپارٹمنٹل کھیلوں کو دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، حالیہ جیتنے والی ٹیم کے اندر کوئی کھلاڑی اگر بے روزگار ہے تو اسے سات دن کے اندر اپائنٹمنٹ لیٹر جاری کیا جائے گا ، ملک کے ہر خطے میں صوبائی تعاون سے کھیلوں کو فروغ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ 2028 کے اولمپکس کی تیاری ابھی سے شروع کر رہے ہیں، اسی سال کراچی میں نیشنل گیمز اور اسلام آباد میں قائداعظم گیمز کا انعقاد کر رہے ہیں، سیف گیمز کے لئے کھلاڑیوں کی تربیت کے لئے بہترین کوچز کا بندوبست کیا جائے گا، ہم کھیلوں میں اصلاحات کے لیے جامع پیکج دے رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کو خطے کے دیگر ممالک کی طر ح الائونس دیں گے، ملک میں ٹرن ارائونڈ شروع ہو چکا ہے، ہمارا سٹاک ایکسچینج ہر دن بہتری کی طرف جا رہا ہے، مجھے یقین ہے کہ جلد ہماری ٹیمیں بین الاقوامی مقابلوں میں گولڈ میڈل حاصل کریں گی، میں انتظامیہ کو بہترین ٹورنامنٹ منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔