اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بدھ کو میانوالی کے علاقے مسلم کالونی میں بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران شہید ہونے والے میجر بابر خان کی رہائش گاہ پر پہنچ گئے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایف سی بلوچستان نارتھ کے شہید میجر بابر خان کے والد نور خان سے ملاقات کی اور انہیں دلاسہ دیا۔ وزیر داخلہ نے شہید میجر بابر خان کے بھائیوں کیپٹن ناصر خان اور سہیل خان سے بھی ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیرداخلہ نے شہید میجر بابر خان کے والد نور خان کے بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم کو آپ جیسے بلند حوصلہ والد پر فخر ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہید میجر بابر خان جیسے دلیر بیٹے کے والد کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے، آپ جیسے والد کا حوصلہ دیکھ کر ہمارا سر فخر سے بلند ہو گیاہے، شہید میجر بابرخان کے والد کا حوصلہ پاک دھرتی کے مضبوط وجود کی علامت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا ایمان ہے کہ شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں اور شہید میجر بابر خان بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہیں اور زندہ رہیں گے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید میجر بابر خان کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔انہوں نے دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر شہید میجر بابر خان کی جرات کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس قوم کے پاس شہید میجر بابر خان جیسے بہادر سپوت ہوں اسے دشمن شکست نہیں دے سکتا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ شہید بابر خان قوم کا ہیرو ہے، پاک دھرتی کے بہادر سپوت نے جان دے کر دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، قوم کو بجا طور پر میجر بابر خان جیسے بہادر بیٹوں پر ناز ہے۔پاکستانی قوم اس جری ہیرو کی لازوال قربانی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف آپریشن پوری طاقت سے جاری رہے گا۔ فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا ساوتھ کے بریگیڈئر عامر، ڈپٹی کمشنر میانوالی، ڈی پی او میانوالی اور اعلی سول و عسکری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔