اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی )چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد نے ملک بھر میں کفالت کی سہ ماہی قسط کے اجراء سے قبل انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تمام زونل ڈائریکٹر جنرلز (ڈی جیز) اور متعلقہ عملے کے ساتھ ورچوئل میٹنگز کیں۔ چیئرپرسن روبینہ خالد نے ضرورتمند لوگوں کی خدمت کے لیے تنظیم کے عزم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان کا حق ہے۔ انہوں نے تمام عملے کے ارکان پر زور دیا کہ وہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے خلاف غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لیے تندہی سے کام کریں۔چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے تمام افسران کو واضح ہدایات جاری کیں کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کے وظائف سے رقم کی کٹوتی کے حوالے سے شکایات پر زیرو ٹالرنس کا مظاہر کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام ادائیگی مراکز مناسب سہولیات جیسے شیلٹرز، کرسیاں اور پینے کے صاف پانی سے لیس ہوں۔مزید برآں چیئرپرسن روبینہ خالد نے ضرورتمند خواتین کے ساتھ عزت اور وقار کے ساتھ پیش آنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ان کے ساتھ اچھے برتائو کی تلقین کی۔انہوں نے ادائیگیوں کی تقسیم کے دوران بھگدڑ کے واقعات کو روکنے کے لیے لیڈی پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کی ہدایت بھی کی۔قبل ازیں سیکرٹری بینظیر انکم سپورٹ پروگرام عامر علی احمد اور ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر طاہر نور نے بھی ریجنل سٹاف سے بات چیت کی اور سرکاری فرائض میں غفلت یا شکایات کے خلاف فوری کارروائی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے استفادہ کنندگان کو ہموار اور مکمل ادائیگیوں کو یقینی بنانے کے لیے تنظیم کے عزم کا اعادہ کیا۔پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے تمام ڈائریکٹر جنرلز نے کفالت قسط کے حوالے سے ضروری انتظامات کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اپنے مکمل عزم کی یقین دہانی کرائی۔