اسلام آباد۔(کامرس رپورٹر )کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے آزاد جموں و کشمیر حکومت کیلئے 23 ارب روپے کی اضافی گرانٹ کی منظوری دیدی ہے۔کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس بدھ کو یہاں وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر پاور سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین، وزیر پٹرولیم مصدق مسعود ملک، وزیر تجارت جام کمال خان اور متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پیر کو اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اہم قومی مفاد میں آزاد جموں و کشمیر حکومت کیلئے اضافی 23 ارب روپے کی گرانٹ کی منظوری دی ہے۔ ای سی سی نے وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان کی سمری پر تکنیکی ضمنی گرانٹ کی صورت میں آزاد کشمیر حکومت کیلئے 23 ارب روپے کی اضافی گرانٹ کی منظوری دیدی۔