اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی )وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ سے پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی ، جس میں باہمی دلچسپی کے امور،آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن، پاکستان کے جسٹس سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن اور گیمنگ انڈسٹری کے فروغ کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ بدھ کو ہونے والی ملاقات میں فریقین نے آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔امریکی سفیر سے گفتگو میں وزیر مملکت نے کہا پاکستان کا آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر ترقی کر رہا ہے، خواہش ہے کہ پاکستان امریکہ کے آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں تعلقات مزید مستحکم ہوں۔انہوں نے کہا امریکہ کے ساتھ بزنس ٹو بزنس تعلقات میں اضافے کے خواہاں ہیں،امریکہ کے ساتھ اشتراک سے گیمنگ انڈسٹری کے فروغ پر کام کرنا چاہتے ہیں۔ٹیکنالوجی کے میدان میں امریکہ کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنا چاہتے جس کے لئے دونوں ممالک کے مابین آئی ٹی ماہرین کا تبادلہ اہم ہے۔شزہ فاطمہ نے کہا موجودہ حکومت کی توجہ ڈیجیٹلائزیشن پر مرکوز ہے اور وزیراعظم پاکستان کے نیشنل ڈیجیٹلائزیشن پلان کے تحت اکانومی، گورننس، سوسائٹی کو ڈیجیٹلائز کر رہے ہیں۔ کینکٹوٹی ڈیجیٹلائزیشن کی بنیاد ہے، ملک میں کینکٹوٹی اور معیاری براڈبینڈ سروسز کی فراہمی کے لیئے اقدامات کر رہے ہیں۔وزیر مملکت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کا ملکی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ہے،وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے تحت پرائیویٹ سیکٹر کو مکمل سپورٹ فراہم کر رہے ہیں۔امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ آئی ٹی و ٹیلی کام کے میدان میں مکمل تعاون کرے گا۔ملاقات میں ایڈیشنل سیکرٹری وزارت آئی ٹی عائشہ حمیرا موریانی، ممبر آئی ٹی سید جنید امام اور ممبر ٹیلی کام محمد جہانزیب رحیم بھی موجود تھے۔