اسلام آباد: (نمائندہ خصوصی )
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ،بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنماء مولانا عبد الغفور حیدری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔اس موقع پر ملک کی مجموعی و سیاسی صورتحال اور بلوچستان کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نےکہا کہ ملک کو درپیش مسائل کو حل کرنے اور ملکی معیشت کو پٹڑی پر ڈالنے کے لئے تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے چلنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ ملاقات میں اراکین قومی اسمبلی عثمان بادینی اور نور عالم خان بھی موجود تھے ۔