اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی )
چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی کی مستحق خواتین کی عزت نفس اور وقار کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں تعارفی اجلاس کے دوران سینئر انتظامیہ حکام اور افسران سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن نے مستحق خواتین کو تما م ضروری سہولیات کی فراہمی میں غیر متزلزل عزم کی ضرورت پر زور دیا۔روبینہ خالد نے واضح طور پر کہا کہ ان کی قیادت میں بدانتظامی کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس حوالے سے فرائض میں کوتاہی برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد نے بھی چیئرپرسن کے بیان کی توثیق کی ۔مزید برآں روبینہ خالد نےآپریشنل صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ذاتی طور پر بی آئی ایس پی کے فیلڈ دفاتر کا دورہ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تاکہ اپنی ہدایات پر موثر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے نگرانی ہو سکے۔ انہوں نے بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والوں کے لیے بینک اکائونٹس کے قیام پر زور دیا جس سے وہ آزادانہ طور پر اپنے
فنڈز تک رسائی حاصل کر سکیں، اس طرح انسانی مداخلت کو ختم کیا جا سکے گا۔مزید برآں چیئرپرسن نے مستحق خاندانوں کے بچوں کیلئے پیشہ ورانہ اور تکنیکی تربیت کی اہمیت پر زور دیا تاکہ ان کی مشکلات کو دور کرنے اور ان کے خاندان کی فلاح و بہبود کیلئے مثبت کردار ادا کیا جا سکے ۔ انہوں نے مستحقین کو غربت سے نکالنے کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔چیئرپرسن روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی انتظامیہ کو خصوصی طور پر غیر شادی شدہ خواتین اور بیوائوں کی پروگرام میں شمولیت کے حوالے سے پالیسیاں وضع کرنے کی تجویز پیش کی۔انہوں نے کہا کہ ان خواتین کا شمار معاشرے کے سب سے کمزور طبقات میں ہوتا ہے، اس اقدام سے ان کی سماجی و اقتصادی بہبود کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔اجلاس میں سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد کی طرف سے پروگرام کے بنیادی اقدامات اور نئی پیش رفت پر جامع بریفنگ بھی پیش کی گئی۔ ایڈیشنل سیکرٹری بی آئی ایس پی ڈاکٹر طاہر نور کے ہمراہ بی آئی ایس پی کے تمام ڈائریکٹر جنرلز نےاجلاس میں شرکت کی۔