اسلام آباد۔(مانیٹرنگ ڈیسک ):پاکستان سمیت دنیا بھرمیں ہجرت کرنے والے پرندوں کا عالمی دن پیرکو منایا گیا۔اس دن کی مناسبت سے ملک کے چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں سرکاری وغیر سرکاری تنظیموں اوراداروں کی جانب سے مختلف پروگرامز کا انعقاد کیا گیا تاکہ ہجرت کرنے والے پرندوں کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ہزاروں سال سے پرندوں کی یہ ہجرت قدرت کی اعلیٰ حکمت عملی کی عکاسی کرتی ہے۔پرندوں پر کام کرنے والے عالمی ادارے کے مطابق دنیا میں مہاجر پرندوں کی 40 فیصد سے زائد اقسام کی کمی ہو چکی ہے۔گزشتہ 30 سال کے دوران مہاجر پرندوں کی آبادی میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے ۔ واضح رہے کہ مہاجر پرندوں کی تعداد میں کمی، ان کے قدرتی مسکن کی تنزلی، ہجرت کے لئے استعمال ہونے والے فضائی راستوں کے غیر محفوظ ہونے اور مہمان علاقوں میں درپیش خطرات کی طرف دنیا کی توجہ مبذول کرانے کیلئے2006 سے ہر سال13 مئی کو مہاجر پرندوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے ۔