کراچی (بیورو رپورٹ)سندھ پیپلز انٹرا ڈسٹرکٹ بس سروس کی مقبولیت اور شہریوں کے پرزور مطالبہ پر پیپلز بس سروس کے روٹس بڑھانے کا فیصلہ۔ کلفٹن ، ڈفینس اور گلشن حدید روٹس پر بھی پیپلز بس سروس چلانے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔ یہ فیصلہ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت سندھ پیپلز انٹرا ڈسٹرکٹ بس سروس سے متعلق اجلاس میں کیا گیا ۔اجلاس میں لاڑکانہ میں بھی پیپلز بس سروس کے روٹس بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔ لاڑکانہ میں پیپلز بس سروس کے 4 روٹس ہونگے ۔ ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ کو نئی روٹس کا پلان بنانے کا ٹاسک دے دیا گیا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاڑکانہ میں 16 جولائی کو 16 بسیں چلائی جائیں گی ۔
صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے ہدایت دی کہ این آر ٹی سی ، انڈ پینڈنٹ ایکسپرٹ سے مل کر دو روز میں کراچی کے اضافی روٹس کا پلان مرتب کریں ۔انہوں نے ہدایت دی کہ پیپلز بس سروس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر پر سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا عملہ بھی تعینات کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ آرٹی ایس سسٹم 25 آگست تک لگ جانا چاہیے ۔ آر ٹی ایس سسٹم کے بعد بسوں کی ٹریکنک، وائی فائی کی سہولت اور سی سی ٹی وی کیمرے فعال ہوجائیں گے ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ انشا اللہ کراچی کے شہریوں کو نئی بسوں کے حوالے سے بہت جلد ایک نیا سرپرائز بھی دیں گے ۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ ، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی الطاف ساریو ، ڈی سی لاڑکانہ طارق منظور چانڈیو ، پروجیکٹ ڈائریکٹر این آر ٹی سی صہیب شفیق ، آپریشن مینیجر عبدالشکور ، انڈیپینڈنٹ ایکسپرٹس نوید حسن ، ایس صفدر کاظمی و دیگر بھی موجود تھے۔