اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی )وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ رومینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ آنے والے سمر کیمپس کے دوران طلباء کو موسمیاتی تبدیلی کے حساس موضوع کے بارے میں آگاہی دینے کا اہتمام کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے یونیسیف کے کنٹری ڈائریکٹر برائے پاکستان عبداللہ اے فادل سے ملاقات کے دوران کہی۔ رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ سیکرٹری فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ اور چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے موسمیاتی تبدیلی
سے متعلق مواد نصاب میں شامل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وزارت موسمیاتی اقدامات، موسمیاتی خطرات پر تیزی سے کام کرنے کے لیے ایک کاپ سیل قائم کرنے جا رہی ہے جو پاکستان آئندہ یو این کاپ 29 میں پیش کرے گا۔دونوں فریقوں نے موسمیاتی سیاحت، موسمیاتی تفریح، موسمیاتی کھیل، موسمیاتی معیشت کو فروغ دینے کے لیے مختلف خیالات پر تبادلہ خیال کیا۔ یونیسیف کے نمائندے نے کاپ 29 میں تعاون کرنے کے علاوہ موسمیات پر ان اہم امور کے لیے اپنی حمایت کو مزید مضبوط کرنے کا عزم کیا۔