اسلام آباد: (نمائندہ خصوصی )وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں ٹیکنالوجی کا ہر شعبے می بڑا اہم کردار ہے، ٹیکنالوجی کے بغیر کوئی شعبہ ترقی نہیں کر سکتا، انفارمیشن ٹیکنالوجی کا پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پاکستان سافٹ ویئر ہائوسز ایسوسی ایشن (پاشا) کے زیراہتمام یہاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔شزہ فاطمہ نے کہا کہ حکومت آئی ٹی سیکٹر کی ترقی کے لئے کوشاں ہے، ملک میں ڈیجیٹل منتقلی کا عمل شروع ہے، وزیراعظم پاکستان کے نیشنل ڈیجیٹلائزیشن پلان کے تحت اکانومی، گورننس، سوسائٹی کو ڈیجیٹلائز کر رہے ہیں، ملک میں ڈیجیٹلائزیشن کے لئے پر عزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ای گورننس کے ذریعے شفافیت کو یقینی بنایا جا سکتا ہے،آئی ٹی برآمدات میں اضافہ کے لئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے، آئی ٹی برآمدات کو 25 بلین ڈالرز تک لے جانے کا ہدف ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے تحت پرائیویٹ سیکٹر کو مکمل سپورٹ فراہم کر رہے ہیں، آئی ٹی انڈسٹری کے مسائل حل کریں گے، ملک کی ترقی کے لیے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری(انچارج ) وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام کیپٹن(ریٹائرڈ ) محمد محمود اور چیئرمین پاشا محمد زوہیب خان نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔تقریب میں ٹیک کمپنیوں کے سربراہان، ایس آئی ایس ایف کے حکام، سفراء، وزارت آئی ٹی و ذیلی اداروں کے افسران نے شرکت کی۔