اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )۔:وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کی صورتحال پر کل (سوموارکو) اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ قبل ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سماجی رابطےکےپلیٹ فارم” ایکس” پر اپنی پوسٹ میں آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ اپنے مطالبات کے حل کے لئے پرامن لائحہ عمل اختیار کریں۔وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ بحث و مباحثہ اور پرامن احتجاج جمہوریت کاحسن ہے لیکن قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے افراتفری اور اختلاف رائے کی صورتحال میں ہمیشہ بعض لوگ ایسے ہوتے ہیں جو فوری سیاسی پوائنٹ سکورنگ شروع کر دیتے ہیں۔انہوں نے وزیر اعظم آزاد کشمیر سے بھی بات کی اور خطے میں مسلم لیگ (ن)کے تمام عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں کے ساتھ مل کر پرامن حل تلاش کریں۔ امید ہے یہ معاملہ جلد حل ہوجائے گا۔