اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی )وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سرمایہ کاری بورڈ کو ملک میں سرمایہ کاری اور نئے کاروبار کے آغاز کیلئے مزید آسانیاں پیدا کرنے کا ہدف دیا ہے اور کہا ہے کہ تمام متعلقہ وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کو اعتماد میں لے کر ون ونڈو آپریشن کی طرز پر ایک طریقہ کار وضع کیاجائے، بیرونی سرمایہ کاری کیلئے دوست ممالک کے کاروباری وفود کے دورے اور اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ تیزی، بیرونی و مقامی کاروباری و سرمایہ کار برادری کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملک میں سرمایہ کاری و کاروباری سرگرمیوں کیلئے آسانی و فروغ کیلئے اعلی سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا جام کمال خان، محمد اورنگزیب، عبدالعلیم خان، احد خان چیمہ، رانا تنویر حسین، اعظم نذیر تارڑ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر جہانزیب خان، ارکان قومی اسمبلی علی پرویز ملک بلال اظہر کیانی، وزیرِ اعظم کے کوارڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور معروف کاروباری شخصیات نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کو ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار میں آسانی کیلئے ون ونڈو آپریشن کی طرز پر جدید اور بین الاقوامی معیار کے نظام کی تشکیل کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں۔ وزیرِ اعظم نے سرمایہ کاری بورڈ کو تمام متعلقہ وزارتوں، اداروں، کاروباری برادری اور صوبائی حکومتوں کو اعتماد میں لے کر جلد ایک جامع نظام کو حتمی شکل دے کر پیش کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے کہاکہ پوری دنیا میں سرمایہ کاری وہاں جاتی ہے جہاں کاروبار میں کم سے کم رکاوٹیں ہوں۔ گزشتہ دور حکومت میں بطورِ خادم پاکستان ملک میں سرمایہ کاری و کاروبار کے فروغ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے۔ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل نے پالیسیوں کے تسلسل اور ملک کی معاشی بحالی کے ہدف کے حصول میں بہترین معاون کا کردار ادا کیا۔پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں اور بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ ہماری ٹیم کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے، جس پر تمام متعلقہ وزرا و افسران تعریف کے قابل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری کیلئے دوست ممالک کے کاروباری وفود کے دورے اور سٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ تیزی، بیرونی و مقامی کاروباری و سرمایہ کار برادری کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔سرمایہ کاری بورڈ تمام متعلقہ وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کو اعتماد میں لے کر ون ونڈو آپریشن کی طرز پر ایک طریقہ کار وضع کرے۔ ایسا طریقہ کار تجویز کیا جائے کہ سرمایہ کاروں اور نیا کاروبار شروع کرنے والے افراد کو کم سے کم رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑے۔ اس حوالے سے بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین کی خدمات بھی لی جائیں۔ طریقہ کار تشکیل دیتے وقت کاروباری برادری کے نمائندوں اور صوبائی حکومت کو بھی اعتماد میں لیا جائے۔