اسلام آباد:: (نمائندہ خصوصی )پاکستان نے گیمبیا میں اسلامی تعاون تنظیم کے 15ویں سربراہ اجلاس میں تنازعہ جموں وکشمیر پراو آئی سی کے واضح موقف کاخیرمقدم کیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران کہاکہپاکستان گیمبیا میں اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے اعلامیہ میں جموں و کشمیر کے تنازعہ سے متعلق او آئی سی کے موقف کو سراہتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اجلاس میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بھرپور حمایت کی گئی۔انہوں نے کہاکہ کشمیر سے متعلق او آئی سی کی رپورٹ کا پاکستان خیر مقدم کرتا ہے، انصاف دلانے کے لیے پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ او آئی سی نے بھارت کو 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اقدامات واپس لینے کا مطالبہ کیاہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان او آئی سی سیکریٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی کی رپورٹ کا خیرمقدم کرتا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ پاکستان کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک عالمی طورپرتسلیم شدہ تنازعہ ہے جسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ممتاز زہرہ بلوچ نے بھارت کے ساتھ مذاکرات سے متعلق افواہوں پر کہا کہ ہم ایک بار پھر واضح کرتے ہیں کہ بھارت کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں بھارت کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہوسکتے، اس حوالے سے چلنے والی خبریں قیاس آرائیوں پر مبنی ہے۔