اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی )پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے ) کی قبل از حج دوسری اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پہلی پرواز پی کے 713 مدینہ منورہ کے لئے 325 مسافروں کو لے کر شام 7 بجے روانہ ہوگئی، چیف ایگزیکٹو افسر پی آئی اے ائیر وائس مارشل عامر حیات نے عازمین کو الوداع کیا ۔ قومی ایئرلائن کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان کی طرف سے جمعرات کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ پی آئی اے کی آج کے دن کی دوسری حج پرواز تھی ، پہلی پرواز صبح لاہور سے روانہ ہوئی تھی ۔اسلام آباد سے پرواز کو سی ای او پی آئی اے ائیر وائس مارشل عامر حیات و دیگر اعلی ٰ عہدیداران نے رخصت کیا ۔سی ای او پی آئی اے ائیر وائس مارشل عامر حیات نے عازمین حجاج کرام کو پاکستان اور پی آئی اے کی ترقی و استحکام کے لئے خصوصی دعائوں کی درخواست کی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ پی آئی اے قبل از حج کی 170 پروازیں آپریٹ کرے گی، یہ پروازیں کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں بشمول پشاور، فیصل آباد، کوئٹہ، ملتان اور سکھر سے روانہ ہوں گی۔