لاہور۔: (نمائندہ خصوصی )وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے نئی تعمیر کردہ جناح گیلری کا دورہ کیا۔ڈائریکٹر جناح گیلری، بریگیڈیئر ریٹائرڈ ڈاکٹر عدنان سلیم نے وزیر اعلی کو جناح گیلری کے بارے میں بریفنگ دی اوربتایا کہ9 مئی 2023 ء کے سیاہ دن قائد اعظم کی یادگار، نادر و نایاب تصاویر اور ان سے وابستہ نوادرات کو بے دردی وبے شرمی سے جلا دیا گیا۔ بابائے قوم کی یادوں کو محفوظ کرنے کیلئے جناح گیلری قائم کی گئی جس میں برصغیر میں اسلام کی آمد سے لے کر دو قومی نظریہ کی ترویج، تحریک پاکستان سے قیام پاکستان تک کے کٹھن مراحل اور قائد اعظم کی زندگی کے مختلف ادوار کی تصویری و تحریری عکاسی کی گئی۔ یہ گیلری اپنی طرز کی پہلی عمارت ہے جہاں ایسے جامع انداز میں قائداعظم کی حیات اور تحریک پاکستان کو خوبصورتی سے محفوظ کیا گیا ہے۔جناح گیلری تخریبی سوچ کے جواب میں تعمیری سوچ کی آئینہ دار ہے۔ مریم نواز نے جناح گیلری میں قائداعظم کا پاسپورٹ اوردیگر دستاویزات بھی دیکھیں، جناح گیلری میں قائم لائبریری کا بھی دورہ کیا۔بعد ازاں وزیر اعلی جناح ہائوس پہنچیں، جہاں انہیں بریفنگ میں بتایاگیا کہ جناح ہائوس کی شاندار عمارت قائداعظم محمد علی جناح نے1943 ء میں خریدی، جناح ہائوس کا قیام مسلح افواج کی قائداعظم سے والہانہ عقیدت کا مظہر ہے،9 مئی کو شرپسندوں نے قائداعظم کی نشانیوں سمیت جناح ہائوس کو نذر آتش کیا اور عمارت کو تباہ کر دیا۔وزیر اعلی نے سوختہ جناح ہائوس کا معائنہ اور تباہی و آتش زدگی کے نتائج دیکھ کر اظہار تاسف کیا ۔ مریم نوازنے جناح ہائوس کی دیواروں پر شرپسندوں کی بداعمالی کی کالک دیکھ کر گہرے دکھ اور رنج کا اظہارکیا اور کہاکہ پاک فوج کے صبر و تحمل کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے سیاسی دہشت گردوں نے وحشیانہ تخریب کاری کر کے قوم کا سر شرم سے جھکا دیا، سانحہ 9 مئی کے قومی مجرموں کو عبرت ناک سزائیں ملنی چاہئیں،شہدائے وطن کی یادگاروں کی پامالی ہر محب وطن پاکستانی کے لیے ناقابل برداشت ہے۔وزیراعلی نے کیپٹن سلمان سرور شہید، قاضی جواد اکرم شہید، کیپٹن ضرغام فرید شہید، لفیٹننٹ سلمان کے والدین سے ملاقات کی، مریم نواز نے شہید کی والدہ کو گلے لگا لیا،غازی کرنل رضا زیدی سے بھی بات کی۔اس موقع پرجناح ہائوس میں موجود لوگوں نے پاکستان زندہ باد، قائداعظم زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔وزیراعلی نے شہدا کی یاد میں شمع روشن اور احتراما ًخاموشی اختیار کی۔بعدازاں مریم نواز نے جناح ہائوس میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ آج ہم جس جگہ پر کھڑے ہیں، اسے جناح ہائوس کہتے ہیں،جوقائداعظم محمد علی جناح کی یادوں سے منسوب ہے،قائداعظم کی کاوشوں کی بدولت ہم آزاد ہوا میں سانس لے رہے ہیں،گزشتہ سال 9مئی کو اسی جناح ہائوس پر حملہ کیاگیا،جو تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔وہ کس طرح کا پاکستانی ہوگا،کتنا ظالم دل ہوگاجس نے جناح ہائوس پر حملہ کیا۔وطن سے محبت کرنے والے ایسے گھنائونے حملے کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔کہتے ہیں دہشت گردوں کے سینوں میں دل نہیں ہوتا،جناح ہائوس کی حالت کو دیکھ کرمحسوس ہوا یہ سچ ہے۔جناح ہائوس اوردیگر تنصیبات پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کے سینے میں واقع دل نہیں ہے۔ایسی مذموم حرکت کرنے والے کسی بھی طرح سیاسی لوگ نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد جماعت نے منظم طریقے سے 9مئی کو دہشت گردی کی۔دہشت گرد جماعت کی ذہنیت ہے کہ جو چیز جمہوری عمل سے نہ مل پائے،اسے دہشت گردی کے ذریعے حاصل کیا جائے۔عدلیہ اورمیڈیا سے سوال ہے کہ9مئی کے دہشت گردوں کو اب تک سزا کیوں نہیں ملی؟جنہوں نے 9مئی کو دفاعی تنصیبات اورشہدا کی یادگاروں پر حملہ کیا،ان کو ضمانت کیسے مل جاتی ہے۔مجھے سے کہا جاتا ہے کہ 9مئی میں ملوث خواتین کو کیوں نہیں چھوڑتیں،ملک سے ایسی گھنائونی حرکت کرنیوالوں کو چھوڑنے والی میں کون ہوتی ہوں۔یہ لوگ کہتے ہیں کہ ہم اس واقعہ میں شامل نہیں،آپکے لوگوں نے، آپکی فیملیز نے آپکی کال پر لبیک کہا اور9مئی کو دہشت گردی کی۔9مئی کے واقعہ کی 3چار ماہ پلاننگ کی اورملوث افراد کو دہشت گردوں سے باقاعدہ ٹریننگ دلوائی گئی ۔9مئی کوسیاسی جماعت کا لبادہ اوڑھ کر جو دہشت گردی کی گئی وہ دہشت گرد بھی نہیں کرسکتا۔شہدا کی فیملیز سے ملکرآنکھوں میں آنسو آگئے کہ کیسے شہدا کی یادگار جلائی اور بے حرمتی کی گئی۔9مئی کو پوری قوم نے دہشت گردوں کے حملے ٹی وی پر دیکھے،یہ حملے قوم کے دلوں پر کیے گئے۔پاکستان آرمی کی وردی کوڈنڈوں پر لگاکرلہرایاگیا،تضحیک کی گئی۔عدلیہ سے سوال ہے کہ جنہوں نے حملہ کیا ان کو سزا کیو ں نہیں ملی۔وزیراعلی نے کہا کہ ہم سے کہا جاتا ہے کہ ان سے بات کریں،یہ دہشت گردجماعت ہے،دہشت گردوں سے کیسے بات کریں۔اللٰہ شہدا کی فیملی کو اس دکھ کو جھیلنے کی ہمت دیں،پوری قوم کی دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔ہمیشہ سوچھتی ہوں کہ وہ کونسا جذبہ ہے جس کی بدولت لوگ اپنے بیٹے،بھائی اورشوہر ملک پر قربان کرنے کیلئے بھیج دیتے ہیں۔جن دہشت گردوں نے پاکستان پر حملہ کیا ہے،کیا آپ نے کبھی ان میں ندامت دیکھی۔ 9مئی کے دہشت گردوں نے آج تک شہدا کی فیملیز سے معافی نہیں مانگی۔9مئی کے دہشت گردوں نے جو بویا وہی کاٹ رہے ہیں،ان کوسزا مل کررہے گی۔پاک فوج نے محمد علی جناح کی یاد میں گیلری بنائی،اس پر ان کا پوری قوم کی طرف سے شکریہ ادا کرتی ہوں۔اللٰہ تعالی شہدوں کے درجات بلند کرے۔اللہ تعالی نے فرمایا ہے کہ شہید مرتا نہیں،زندہ رہتا ہے،لیکن تم نہیں جانتے۔اللہ تعالی شہدا کے لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔ سینیٹر پرویز رشید، سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری،چیف سیکرٹری،سی سی پی او اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔