اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پرنٹ میڈیا خبروں اور معلومات کا اہم ذریعہ ہے، پرنٹ میڈیا کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں، حکومت اخباری صنعت کو درپیش مسائل کے حل اور پرنٹ میڈیا کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اجلاس کی صدارت اے پی این ایس کی صدر محترمہ ناز آفرین سہگل لاکھانی نے کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات کو پرنٹ میڈیا کو درپیش مسائل سے آگاہ اور اشتہارات کے نرخوں میں اضافے کا مطالبہ کیا گیا۔ اے پی این ایس کے عہدیداران نے پریس رجسٹرار آفس کے ذریعے اخبارات کی رجسٹریشن کی تجدید کروانے میں اراکین کو در پیش مشکلات سے بھی آگاہ کیا اور پریس رجسٹرار آفس میں رجسٹریشن کی تجدید کے طریقہ کار کو آسان بنانے کی درخواست کی۔ اے پی این ایس کی جانب سے آئندہ بجٹ میں اخبارات کے استعمال کی اشیاءکی درآمد پر جی ایس ٹی، کسٹم اور درآمدی ڈیوٹی پر استثنیٰ دینے کی بھی درخواست کی گئی۔وفاقی وزیر اطلاعات نے اراکین کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی اور اخبارات کی رجسٹریشن کے لئے وزارت اطلاعات اور اے پی این ایس کی مشترکہ کمیٹی کے قیام کی تجویز دی۔ وفاقی وزیر نے جعلی اور غیر مصدقہ خبروں کے تدارک میں پرنٹ میڈیا کے کردار کی اہمیت کا ادراک کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل میں اخبارات کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے وزارت تعلیم کے ساتھ مل کر پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔ اجلاس میں صدر ناز آفرین سہگل لاکھانی، سینئر نائب صدر امتنان شاہد، سیکرٹری جنرل سرمد علی، جوائنٹ سیکرٹری ایس ایم منیر جیلانی اور دیگر نے شرکت کی۔