اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی )صدر مملکت آصف علی زرداری نے بہتر مستقبل کی تعمیر ، سیاسی تقسیم اور نفرت ختم کرنے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ میں یوم ِ سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا،نوجوانوں کو ریاستی اداروں کے خلاف اکسانے کی بجائے انکی صلاحیتوں کو ملکی مفاد میں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے ، جھوٹ پر مبنی مہم کے سدباب ، حوصلہ شکنی کیلئے طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت ہے ۔ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ 9 مئی کو سیاسی طور پر مشتعل ہجوم نے ملک بھر میں کہرام مچایا،مشتعل ہجوم نے سرکاری املاک ، فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچایا ۔صدر آصف علی زرداری نے 9 مئی کے پرتشدد واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے واقعات سے ملک کا تاثر بری طرح متاثر ہوا،پرتشدد واقعات سے صرف پاکستان کے دشمنوں کے مفادات پورے ہوئے،حملے ریاستی رٹ ، قانون کی حکمرانی اور ادارےکمزور کرنے کی کوشش تھے، پرامن مظاہرے اور تعمیری تنقید جمہوریت کی روح ہیں ۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ آئین ِپاکستان میں اجتماع اور اظہار رائے کے بنیادی حقوق دیے گئے ہیں،بنیادی حقوق کو آئین اور قانون کے مطابق انتہائی ذمہ داری سے استعمال کیا جانا چاہیے ،بنیادی حقوق کا غلط استعمال کرکے تشدد پر اکسانے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے، ذمہ دار جمہوریتوں میں سیاسی مفاد کیلئے ریاستی املاک کی تباہی ، توڑ پھوڑ کبھی نہیں دیکھی ۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کی مسلح افواج اور اس کے اداروں پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج مختلف خطرات سے قوم کے دفاع میں پیش پیش رہی ہیں، 9 مئی کو تشدد کے ذمہ داران کو قانون کے مطابق جوابدہ ٹھہرانا چاہیے ، پاکستان کو پہلے ہی متعدد چیلنجز کا سامنا ہے ، سیاسی قوتوں کے غیر ذمہ دارانہ عمل سے ترقی کا عمل متاثر ہوتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی قوتوں کے غیر ذمہ دارانہ عمل سے سماجی و اقتصادی چیلنجز میں بھی مزید اضافہ ہوتاہے، موجودہ سیاسی صورتحال متقاضی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں رواداری ، جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے کام کریں،تمام جماعتیں سیاسی مذاکرات ، قوم کی درست سمت میں رہنمائی کیلئے کام کریں، سیاسی جماعتیں پارلیمنٹ، میڈیا اور سول سوسائٹی جمہوریت کو مضبوط کریں، قانون کی حکمرانی ، رواداری، سیاسی مکالمے اور شمولیت کے کلچر کو فروغ دیں۔ صدر مملکت نے ریاستی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر بدنیتی پر مبنی مہم پر افسوس اور مذمت کا اظہار کیا ۔