اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے لئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں ، ترقی کے سفر میں بلوچستان کا بہت اہم کردار ہے ، بلوچ بھائیوں کی ہر طرح سے خدمت کےلیے حاضر ہیں۔ وہ منگل کو ئٹہ میں وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے ۔وزیر داخلہ محسن نقوی منگل کو کوئٹہ کے دورہ کے دوران وزیراعلی بلوچستان ہائوس گئے جہاں پر انہوں نے وزیراعلی بلوچستان سے ملاقات کی ۔وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے وزیر اعلی ہاوس آمد پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی سے ملاقات کی ۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، صوبے میں امن عامہ کی صورتحال اور دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی امن عامہ کی صورتحال کی بہتری کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے صوبے میں امن عامہ کے لئے تعاون پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعلی بلوچستان کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لانے جا رہے ہیں۔بلوچستان کے وزیر داخلہ ضیا لانگو اور وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی اس موقع پر موجود تھے۔