اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی )نامزد گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پی پی پی میں پل کا کردار ادا کروں گا، ملک کو بہت سی مشکلات کا سامنا ہے، میری پوری کوشش ہے کہ پنجاب سے متعلق مشکلات کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کروں۔ منگل کو پنجاب ہائوس میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے پنجاب کے گورنر کے لئےنامزد ہوا ہوں۔انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور فریال تالپور کا اعتماد کرنے پر شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جب سے سیاست شروع کی پیپلز پارٹی کے ساتھ ہوں، امید ہے جب تک ہوں پی پی پی میں رہوں گا۔سردار سلیم حیدر نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پی پی پی میں پل کا کردار ادا کروں گا، پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز میری بہن ہے، ملک کو بہت سی مشکلات کا سامنا ہے، میری پوری کوشش ہے کہ پنجاب سے متعلق مشکلات کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کروں۔انہوں نے کہا کہ گورنر ہائوس کے دروازے صرف پیپلز پارٹی ورکرز کے لئے نہیں بلکہ پورے پنجاب کی عوام کے لئے کھلے رہیں گے، میں نے گورنر شپ کو انجوائے نہیں کرنا بلکہ کام کرنا ہے۔ سردار سلیم حیدرنے کہا کہ سیاسی استحکام لائے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔