اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی ):احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے ایل این جی ریفرنس میں شاہد خاقان عباسی اور دیگر ملزمان کی بریت کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ۔ عدالت نے تفصیلی فیصلے میں کہا کہ ایل این جی ریفرنس میں ملزمان پر 16 نومبر 2020 کو فرد جرم عائد کی گئی ۔ ایل این جی ریفرنس میں 118 میں سے گیارہ گواہان کے بیانات قلمبند کئے گئے ۔نیب تحقیقات میں ملزمان کے خلاف قومی خزانے کو نقصان اور اختیارات سے تجاوز ثابت نہیں ہو سکا ۔ تحقیقات کی بنیاد پر ملزمان کے خلاف ریفرنس واپس لینے کی سفارشات چیئرمین نیب کے سامنے رکھی گئیں ۔ چیئرمین نیب کے دستخطوں سے ریفرنس واپس لینے کی درخواست فائل کی گئی ۔ چیئرمین نیب ٹرائل کے کسی بھی مرحلے پر ریفرنس واپس لینے کا اختیار رکھتے ہیں ۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ریفرنس واپس لینے کی نیب کی درخواست منظور کی جاتی ہے ۔ شاہد خاقان عباسی ، مفتاح اسماعیل ، عمران الحق ، آغا جان اختر ، سعید احمد خان ، عامر نسیم ، عظمی عادل خان ، حسن دائو د ، عبدالصمد دائو د ، محمد امین ، عبداللہ خاقان عباسی اور چوہدری محمد اسلم کو ریفرنس سے بری کیا جاتا ہے