اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )پاکستان کو افغانستان سے کوئلے کی درآمد شروع ہوگئی ہے جسے ملک کے مختلف شہروں میں کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس کو سپلائی کرنا شروع کردیا گیا ۔میڈیارپورٹ کے مطابق ایک عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ حکومت کی جانب سے متعلقہ محکموں خاص طور پر پاکستان ریلوے کو کوئلے کی محفوظ اور تیز رفتار نقل و حمل کےلئے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت کے 2 روز بعد ہی افغانستان سے کوئلہ آنا شروع ہوگیا ہے۔
عہدیدار نے بتایا کہ اس وقت خوشحال کوٹ ریلوے اسٹیشن پر روزانہ 3 ہزار ٹن سے کم کوئلہ لایا جارہا ہے تاہم میانوالی ضلع کندیاں اور بلوچستان کے علاقے سبی سے کوئلے کے آپریشن کے آغاز کے بعد سپلائی 20 ہزار ٹن تک پہنچنے کی توقع ہے ،سبی اسٹیشن کو ٹرکوں میں ویش چمن سرحد کے ذریعے کوئلہ موصول ہوگا۔اس سے قبل سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق پاکستان کی جانب سے اپنے پڑوسی ملک سے خریدنے کا فیصلہ کرنے کے بعد افغان کوئلے کی قیمت 90 ڈالر فی ٹن سے بڑھ کر 200 ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔عہدیدار نے بتایا کہ اسلام آباد کوئلے کی ادائیگی روپے میں کر رہا ہے، اس لیے قیمتوں میں اضافے کا کوئی خاص اثر نہیں پڑے گا۔