کراچی(نمائندہ خصوصی )
سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے سی ای او محمد مدنی رضا نے سیلانی شعبہ میڈیکل کی انتظامیہ کے ہمراہ کراچی کے کرن کینسر اسپتال کا دورہ کیا اور کرن اسپتال کے فیکلٹی ممبران اور عملے سے کرن اسپتال میں علاج کے لیے آنے والے غریب اور مستحق مریضوں کے علاج میں مشکلات کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔کرن اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اصغر ایچ اصغر نے مہمانوں کو اسپتال کی خدمات کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ کرن اسپتال پورے پاکستان میں کینسر کے علاج کے حوالے سے سب سے سستا اسپتال ہے۔انہوں نے سیلانی اور کرن اسپتال کے درمیان پہلے سے جاری تعاون پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر سیلانی اور کرن اسپتال کی انتطامیہ کے درمیان ایک ایم او یو بھی سائن کیا گیا۔ مفاہمت کی اس یادداشت کےمطابق سیلانی کے پلیٹ فارم سے کینسر کے خلاف عوامی آگاہی مہم اور تعلیمی اداروں میں طلبہ میں پان ،گٹکے،ماوے اور سگریٹ کے مضر اثرات کے حوالےسے آگاہی مہم چلائی جائے گی۔اس کے علاوہ کرن اسپتال میں علاج کے لیے آنے والے انتہائی غریب اور مستحقین مریضوں کے علاج کے اخراجات میں بھی سیلانی کی جانب سے زکوۃ فنڈ سے مدد کی جائے گی۔