گوجرانوالہ( نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے کہاہے کہ عبد الاضحی پر لوڈشیڈنگ میں واضح کمی آئےگی ، 720 میگا واٹ کے پاور پلانٹ نے 29 جون سے اپنا کام شروع کر دیا ہے،نئے میگا پراجیکٹ سے اگلے سال گرمی میں بجلی کی پریشانی نہیں ہوگی، سولر پینل پر ایک جامع پیکج کی تیاری ہو رہی ہے، شہباز شریف آئندہ چند دن میں سولر پروجیکٹ کا اعلان کریں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خرم دستگیر نے کہا کہ عید الاضحی پر لوڈشیڈنگ ختم نہیں ہو سکتی تاہم واضح کمی آئے گی، 720 میگا واٹ کے پاور پلانٹ نے 29 جون سے اپنا کام شروع کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے میگا پراجیکٹ سے اگلے سال گرمی میں بجلی کی پریشانی نہیں ہوگی، بجلی کا بحران ملک کے ساتھ بڑی ڈکیتی کرنے والوں کی وجہ سے آیا تھا، وقت پر ایندھن نہ خریدنے کی مجرمانہ غفلت کی گئی۔وزیر توانائی نے کہا کہ کوئلے کی قیمت میں پچھلے سال کی نسبت اضافہ ہوا، عمران خان نے سی پیک میں بہت رکاوٹیں ڈالیں۔انہوں نے کہا کہ تریمو جھنگ کا 1200 میگاوواٹ کا منصوبہ 2020 میں مکمل کرنا تھا، تریموں جھنگ پراجیکٹ پر بھی نیب کا مقدمہ بنایا گیا، 30 جون کو سب سے زیادہ 30 ہزار میگا واٹ بجلی کی ریکارڈ طلب ظاہر ہوئی۔خرم دستگیر نے کہا کہ 2 مہینے میں جو گھریلو صارفین کو مشکل آئی صنعتوں کو بجلی دینے کی وجہ سے آئی، 7 تاریخ تک تربیلا اپنی 3400 میگا واٹ بجلی دینا شروع کر دے گا۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان نے اپنے آخری سال بڑی ڈکیتی کی، آج جو بھی معاشی چیلنجز ہیں وہ ان ڈکیتیوں کی حکومت کی وجہ سے ہیں، شہباز شریف کی حکومت آج چھٹی کے روز بھی کام میں مگن ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری عمارتوں کو درجہ بہ درجہ شمسی توانائی پر منتقل کریں گے، 300 یونٹ استعمال کرنے والوں کو کم ریٹس پر بجلی فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گھریلو صارفین کو بھی شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔خرم دستگیر نے کہا کہ سولر پینل پر ایک جامع پیکج کی تیاری ہو رہی ہے، شہباز شریف آئندہ چند دن میں سولر پروجیکٹ کا اعلان کریں گے۔