لاہور(نمائندہ خصوصی) اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کو قبول کرتے ہوئے اس پر نیک نیتی سے عملدرآمد کروانا تمام جماعتوں پاکستان تحریک انصاف، پاکستان مسلم لیگ اور ن لیگ کی ذمہ داری ہے، اسمبلی اجلاس سپریم کورٹ کے احکامات کے عین مطابق ہو گا، اسمبلی کے اندر اچھے اور دوستانہ ماحول سمیت غیرجانبداری اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا اور اسمبلی افسران آئین، قانون اور قواعد کے مطابق اسمبلی اپنے امور سرانجام دیں گے۔
پرویزالٰہی نے کہا کہ حمزہ شہباز نے بھی سپریم کورٹ کو یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ اور ان کی کابینہ فیصلے کی روشنی میں ضمنی انتخابات کا عمل غیر جانبدارانہ اور شفاف انداز میں مکمل کروائیں گے، حکمران قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مخالفین کے خلاف استعمال نہیں کریں گے اور ضمنی الیکشن والے حلقوں میں کوئی ترقیاتی سکیم یا فنڈز نہیں دئیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ٹرانسفر پوسٹنگ پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کروائے، ضمنی الیکشن والے حلقوں میں اگر کوئی ٹینڈر ہوگیا تو حکومت کا فرض ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اس کو فوری طورپر ختم کروائے۔
چوہدری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق تمام سیاسی جماعتیں، وزراءاور مشیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی نہیں کریں گے اور انتظامی معاملات میں مداخلت سے باز رہیں گے۔