کراچی( نمائندہ خصوصی )کراچی کی اسکریپ ٹریڈ یونین کا احتجاج بھی بے سود گیا۔ پولیس کی جانب سے کباڑیوں کی بلاجواز گرفتاریاں اور انکے مال کو ضبط کرنا معمول بنا لیا۔ سرجانی پولیس نے ایک بار پھر بھاری نفری کے ہمراہ اسکریب کے تاجر عباس رند کے گودام پر دھاوا بول دیا۔ گودام کے تالے توڑ ڈالے، کافی دیر تک پولیس اہلکار توڑ پھوڑ کرتے رہے۔ پولیس اہلکاروں نے لاکھوں روپے مالیت کا جائز طریقے سے خرید کیا گیا مال پرائیویٹ ڈالے میں لوڈ کرلیا۔ مزاحمت پر پولیس اہلکار دھمکیاں دیتے رہے۔ وائرل ہونے والی ویڈیو میں سنا جاسکتا ہے کباڑیے التجا کر رہے کہ بتائیں کون سا مال چوری کا ہے؟ اگر کوئی مدعی مال شناخت کرتا ہے ضرور اٹھالیں مگر پولیس اہلکاروں نے ایک نہ سنی۔ پیتل اور تانبا کے بورے ڈالوں میں لوڈ کرلیا۔ یاد رہے کہ تین روز قبل اسکریپ کے تاجروں نے کراچی پریس کلب کے باہر پولیس کی ناانصافیوں کے خلاف بھرپور مظاہرہ کیا تھا۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان کامیاب مذاکرات بھی ہوئے۔ مگر پولیس نے ایک بار پھر تاجروں کو ہراساں کرنا شروع کردیا۔ دو روز قبل بھی پولیس نے سرجانی ٹاؤن میں عباس رند کے گودام سے لاکھوں روپے مالیت کا مال اٹھالیا تھا۔ اور حساب کتاب کے رجسٹر، نوٹ بکس اور چیک بکس بھی ساتھ لے گئے۔ جبکہ سی سی ٹی وی کیمرے بھی ساتھ لے گئے۔