اسلام آباد:: (نمائندہ خصوصی )
پاکستان نے دوسرے ملکوں میں بھارت کے بڑھتے ہوئے غیر قانونی جاسوسی نیٹ ورک اورمذموم کارروائیوں پر سخت اظہار تشویش کرتے ہوئے ان اقدامات کو دوسرے ملکوں کے داخلی معاملات میں کھلی مداخلت قرار د یاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں عالمی برادری پرزور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں اور بیرون ممالک میں جاسوسی پر بھارت کا محاسبہ کرے۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ بھارت کا بڑھتا ہوا جاسوسی کا نیٹ ورک عالمی برادری کیلئے تشویش کا باعث ہے۔ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہاکہ بھارت امریکہ، کینیڈا اور پاکستان میں ماروائے عدالت ٹارگٹ کلنگز میں ملوث ہے۔ انہوں نے ان جرائم پر بھارت کا احتساب کرنے کا مطالبہ بھی کیا ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم پہلے ہی پاکستان کے اندر ہونے والے دہشت گردی کے حملوں میں بھارتی ایجنٹوں کے ملوث ہونے کے ٹھوس ثبوت دے چکے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کی جائیدادوں پر قبضے کی بھارت کی جاری مہم کی مذمت کی۔انہوں نے نہتے کشمیریوں پر بھارتی جارحیت پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کی ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کی حمایت جاری رکھے گا ۔ممتاز زہرہ بلوچ نے کہاکہ کشمیری شہریوں کے خلاف بھارت کی مسلسل جارحیت قابل افسوس ہے ۔ انہوں نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر بعض علاقوں میں حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہونیوالے لوگوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ۔