اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی )وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب اورپاکستان کے دوطرفہ تعلقات اور معاشی شراکت داری کی جہتیں مضبوط سے مضبوط تر ہورہی ہیں، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی وزراء کو پاکستان کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کیں ،قیادت کی سطح پر ہونے والی مفاہمت کو عملی شکل دینے کے لئے پوری محنت سے کام کریں گے۔منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق دورہ سعودی عرب کے اختتام پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب اورپاکستان کے دوطرفہ تعلقات اور معاشی شراکت داری کی جہات مضبوط سے مضبوط تر ہورہی ہیں ، آئندہ چند دنوں میں سعودی عرب کی کاروباری شخصیات کا وفد پاکستان آ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کاروباری شخصیات کے وفد سے دونوں ممالک میں معاشی شراکت داری کی رفتار مزید تیز ہوگی ، قیادت کی سطح پر ہونے والی مفاہمت کو عملی شکل دینے کے لئے پوری محنت سے کام کریں گے ، پاکستان اور سعودی عرب کی معاشی شراکت داری سے دونوں برادر ممالک کے تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے ، دو ماہ کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اعلی ترین سطح پر ریکارڑ وفود کا تبادلہ ہوا ہے ، سعودی عرب میں تین روزہ دورہ تاریخی اہمیت کا حامل ہےجس میں نہایت مفید بات چیت ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ عالمی اقتصادی فورم میں عالمی رہنمائوں سے ملاقاتیں ہوئیں جن میں کثیرالجہتی شعبوں میں باہمی تعاون، تجارت وسرمایہ کاری کے فروغ میں مثبت پیشرفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ اکنامک فورم پر واشگاف انداز میں بیان کیا کہ دنیا کو پرامن بنانا ہے تو غزہ میں مستقل امن قائم کرنا ہوگا۔وزیراعظم نے کہا کہ پرتپاک میزبانی اور پاکستان سے پرخلوص محبت پر سعود ی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں ، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی وزراء کو پاکستان کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کیں، اس کے لئے بھی بے حد شکر گزار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے وزرا کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے قیادت کے درمیان مفاہمت پر عملدرآمد کے لئے بھرپور تیاری کی۔