کوئٹہ۔: (نمائندہ خصوصی )ڈپٹی کمشنر جھل مگسی اعجاز سرور کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے پہلے روز پولیو ایوننگ ریویو میٹنگ کا انعقاد کیا۔اجلاس میں ضلعی ناظم صحت ڈاکٹر رخسانہ مگسی ، ڈی ایس ایم (پی پی ایچ آئی) جھل مگسی تنویر احمد بلیدی، (این اسٹاپ آفیسر) ڈاکٹر حمایت اللّٰہ،لائن ڈپارٹمنٹس کے افسران ، مانیٹرز و دیگر افسران نے شرکت کیں۔ڈپٹی کمشنر جھل مگسی اعجاز سرور کی سربراہی میں پولیو ایوننگ میٹنگ میں جاری مھم کے پہلے روز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر جھل مگسی اعجاز سرور نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کی ٹیمیں اپنے فرائض منصبی نہایت ہی خوش اسلوبی کیساتھ سر انجام دے کر ضلع جھل مگسی کے پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے میں مصروف عمل رہیں ،فرائض منصبی کی ادائیگی میں کوتاہی و غفلت برتنے سے گریز کریں۔انسداد پولیو مہم کی ٹیموں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے جو پولیو کے اہداف مقرر کئے گئے ہیں انکو پورا کرنے میں تمام تر توانائیاں صرف کریں انھوں نے کہا کہ ضلع بھر کی عوام انسداد پولیو مہم کی ٹیموں کے ساتھ اپنا تعاون یقینی بنائیں والدین اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلا کر اپنے مستقبل کے معماروں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے میں مثبت کردار ادا کریں تاکہ وطن عزیز پاکستان سے اس خطرناک موذی مرض کا جڑ سے خاتمہ ممکن ہو۔