کراچی۔ : (نمائندہ خصوصی )ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کااثاثہ ہیں، انہیں ملک کی ترقی کیلئے سیاست میں بھی کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا اور آگے بڑھ کے ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہوگی،قوم کی امیدیں نوجوانوں سے وابستہ ہیں،ایم کیو ایم نہ صرف نوجوانوں کا پلیٹ فارم ہے بلکہ ہم نے ترجیحی بنیادوں پر کوشش کی کہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اسمبلیوں میں پہنچیں۔جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے مرکزی الیکشن آفس پاکستان ہاؤس میں ایم کیو ایم یوتھ فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مرکزی ایڈہاک کمیٹی کے اراکین سید مصطفیٰ کمال، نسرین جلیل سمیت اراکینِ اسمبلی بھی موجود تھے۔اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ متحدہ کے نوجوان حالیہ انتخابات میں کامیاب ہوئے انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں، بڑی تعداد میں نوجوانوں کا اسمبلیوں میں جانا خوش آئند ہے۔انہوں نے یوتھ فورم کی نچلی سطح تک تنظیم سازی پر زور دیا۔اس موقع پر یوتھ فورم کے مرکزی ذمہ داران کی بڑی تعداد موجود تھی نیز یوتھ فورم کے تحت بے روزگار نوجوانوں کیلئے عنقریب جاب فیئر کے انعقاد کا فیصلہ بھی کیا گیا۔